کوہاٹ کی تحصیل لاچی میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کوہاٹ کو تحصیل لاچی کے علاقے لاچی بازار، پولیس اسٹیشن کے قریب فائرنگ کی ایمرجنسی کی اطلاع موصول ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ دو گروپوں کے درمیان ہوئی تھی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے لاچی اسپتال منتقل کردیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں چار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ دو شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث کوہاٹ کے KDA/ اسپتال ریفر کردیا گیا۔
مقتولین کی شناخت حسن ولد جہانگیر، ظاہر زمان ولد عاشور زمان، غفور ولد منظور، معمور ولد نجیب گل کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں کے نام اعجاز ولد معمور خان اور حماد ولد اجمیر بتائے گئے ہیں۔