کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث شہر کے متعدد علاقے 12 گھنٹوں سے زائد بجلی سے محروم رہنے کی شکایت عام ہونے لگی، شہری کہتے ہیں کہ دن میں 3 سے 4 دفعہ 2 سے ڈھائی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے جبکہ کے الیکٹرک کو بل پورا بھرتے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق 30 فیصد علاقوں میں اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کا شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہوتا ہے، یہ وہ علاقےہیں جہاں سے بجلی چوری کی شکایت کے باعث کے الیکٹرک شارٹ فال کا شکار ہے جبکہ اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ صرف کسی بڑے فالٹ یا تعطل کے باعث آتی ہے، اس کے علاوہ 70 فیصد کراچی کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
تاہم متاثرہ علاقوں کے مکین شکایت کرتے ہیں کہ اگر ایک پی ایم ٹی پر 30 فیصد صارف بجلی کا بل ادا کررہے ہیں تو انھیں 70 فیصد بل ادا نہ کرنے والوں کی سزا کیوں دی جارہی ہے؟
دوسری جانب شہر میں پانی کی فراہمی میں تعطل کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ کے الیکٹرک زیرِ زمین کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی 22 میں سے 2 موٹرز پر بجلی کا تعطل آیا تھا جو اب بحال کر دیا گیا ہے۔ کے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں سے رابطے میں ہے۔