اپنے پیر پر کھڑا ہونے کی جدوجہد میں لڑکیاں گھر والوں سے محروم ہوجاتی ہیں۔۔ حمیرا اصغر کی موت پر شوبز شخصیات نے کیا پیغام دیا؟

image

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 سے ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے واقعے نے شوبز انڈسٹری میں ایک گہری اداسی کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس افسوسناک خبر کے بعد مختلف فنکاروں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف حمیرا کی تنہائی اور جدوجہد پر افسوس ظاہر کیا بلکہ اس موقعے کو ایک سنجیدہ معاشرتی پیغام میں بھی بدل دیا۔ معروف ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے ایک ویڈیو پیغام میں حمیرا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی میں تنہا تھیں اور شاید کسی بھی قسم کی سپورٹ کے بغیر زندگی گزار رہی تھیں۔ نادیہ نے کہا کہ لڑکیوں کو چاہیے کہ وہ خود کو دوسروں پر منحصر کرنے کے بجائے اپنی زندگی کا کنٹرول خود سنبھالیں اور بھروسہ مند لوگوں سے جڑے رہیں تاکہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

اداکارہ امر خان نے حمیرا کی موت کو "انڈسٹری کی موت" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک فنکارہ کا جانا نہیں بلکہ اس پوری تفریحی دنیا کا کڑوا سچ ہے، جہاں لوگ باہر سے چمکدار اور خوش دکھائی دیتے ہیں لیکن اندر سے مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہوتے ہیں۔ امر خان نے حمیرا کے مشہور شو "تماشہ" میں ان کے رویے اور جھگڑوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب اس ذہنی دباؤ کی عکاسی کرتے ہیں جس سے وہ گزر رہی تھیں۔ اداکارہ ہینا الطاف نے بھی اس واقعے کو ایک "لمحۂ فکریہ" قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اپنے اردگرد رہنے والوں کا حال جاننے اور ان سے رابطے میں رہنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ بعض اوقات ظاہری مسکراہٹیں گہرے زخموں کو چھپا رہی ہوتی ہیں۔

صحیفہ جبار خٹک نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری جتنی پرکشش دکھائی دیتی ہے، اندر سے اتنی ہی تلخ اور بے رحم ہے۔ سینئر فنکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، ماورا حسین اور فیا خان نے بھی اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور حمیرا کے انتقال کو ایک تکلیف دہ نقصان قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر شوبز سے وابستہ افراد اور مداحوں کی جانب سے یہ مطالبہ بھی سامنے آیا کہ انڈسٹری میں کام کرنے والے نئے اور اکیلے فنکاروں کے لیے ذہنی صحت اور فلاحی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

یہ سانحہ صرف حمیرا کی ذاتی زندگی کی الم ناک کہانی نہیں، بلکہ ان تمام نوجوانوں کے لیے ایک تنبیہ ہے جو اکیلے خوابوں کے تعاقب میں نکل پڑتے ہیں اور اس سفر میں ذہنی دباؤ، مالی مشکلات اور معاشرتی بے حسی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ حمیرا کی تنہائی میں موت نہ صرف ایک خاموش پکار تھی، بلکہ ایک ایسی حقیقت ہے جس پر ہمیں سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US