ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دے رہے ہیں۔
ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تریچ میر بیس کیمپ کے لیے پہلا 20 افراد کا گروپ 13 جولائی سے روانہ ہوگا، تریچ میر ٹریکنگ کے لیے 100 سے زائد خواتین نے بھی درخواستیں جمع کرائیں، 20 تجربہ کار خواتین بھی ٹریکنگ گروپ میں حصہ لے رہی ہیں، صوبائی حکومت کے تعاون سے تریچ میر ایونٹ کا انعقاد کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف مقامات پر کیمپنگ پاڈز نصب ہیں، ہوم اسٹے میں نوجوانوں کو چند روز میں باقاعدہ تقریب کرکے قرض فراہمی کا آغاز کررہے ہیں، نوجوان سیاحتی مقامات پر گھروں کی تزئین و آرائش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو 30 لاکھ روپے تک قرض حسنہ دے رہی ہے، نوجوانوں کے لیے چترال میں ایڈونچر ٹریننگ اسکول بھی کھولا جا رہا ہے، کوہ پیماؤں کے لیے صوبائی حکومت نے دو سال کی رائلٹی فیس بھی معاف کر رکھی ہے۔