ساس سے چھپ کر شادی کی کیونکہ۔۔ افشاں قریشی نے نجی زندگی سے متعلق نئے انکشافات کردیے

image

"میں اپنے شوہر کے خاندان سے نہیں تھی، ہم نے محبت کی شادی کی تھی۔ چونکہ میری ساس کی طبیعت خراب رہتی تھی، تو میرے شوہر نے خفیہ طور پر مجھ سے شادی کی اور مجھے کہا کہ اسے پوشیدہ رکھوں۔ تاہم، شادی ان کے بھائی کی موجودگی میں ہوئی تھی۔ کئی مہینے گزر گئے لیکن وہ مجھے اپنی ماں سے ملوانے نہیں لے گئے۔ جب میں نے اصرار کیا تو وہ مجھے گھر لے گئے۔ ابتدا میں میری ساس مجھ سے ناراض لگتی تھیں، وہ میری اردو کی بھی اصلاح کرتی تھیں کیونکہ وہ لکھنؤ کی تھیں اور میں میمونی، اس لیے میری اردو کمزور تھی۔ مجھے لگتا تھا وہ صرف میری خامیاں نکالیں گی۔"

یہ جذباتی اعترافات ہیں سینئر اداکارہ افشاں قریشی کے، جو حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو ’صبح کا سما‘ میں اپنی ذاتی زندگی سے پردہ اٹھاتی نظر آئیں۔ افشاں قریشی کا تعلق پاکستان کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے منفی کرداروں میں اپنی شناخت بنائی۔ ان کے مقبول ڈراموں میں ’بھیگی پلکیں‘، ’بابا جانی‘، ’شہرِ ملال‘، ’میں مہرو ہوں‘ اور ’سیلہ اور جنت‘ شامل ہیں۔

شو کے دوران جب افشاں قریشی نے اپنی شادی کے بارے میں بات کی تو ان کے چہرے پر جذبات کی ایک جھلک نمایاں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد جب وہ اپنی ساس سے ملیں تو ابتدائی طور پر انہیں سرد رویے کا سامنا کرنا پڑا، لیکن جیسے جیسے وقت گزرا، وہی سخت گیر دکھنے والی خاتون ان کے لیے محبت اور شفقت کی علامت بن گئیں۔

"میں نے ان کے ساتھ پندرہ دن گزارے، ان دنوں میں انہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔ میں نے محسوس کیا کہ ان کے رویے میں سختی کے پیچھے محبت چھپی ہوئی تھی کیونکہ میں ان کے بیٹے کی بیوی تھی۔ وہ میرے لیے کھانا بناتی تھیں، چھوٹی چھوٹی باتوں میں ان کی پرواہ چھپی ہوتی تھی۔ میرے شوہر کہتے تھے کہ وہ تمہیں ڈانٹتی ہیں، لیکن دراصل وہ تم سے محبت کرتی ہیں۔"

افشاں قریشی کے شوہر عابد قریشی بھی اداکار تھے، جن سے ان کی ملاقات فلم کے سیٹ پر ہوئی اور وہیں دوستی سے محبت اور پھر شادی کا سفر طے ہوا۔ بدقسمتی سے عابد قریشی کا انتقال اس وقت ہوا جب ان کا بیٹا فیصل قریشی بہت چھوٹے تھے، جو آج پاکستان کے بڑے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

افشاں قریشی کی کہانی ان تمام لوگوں کے لیے سبق ہے جو محبت میں قربانی دیتے ہیں، جو رشتوں کو نبھانے کے لیے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اور جو یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ایک عورت کیسے نرمی، صبر اور شعور سے اجنبی دلوں کو جیت سکتی ہے۔


About the Author:

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts