دل ٹوٹنے پر جنگلوں اور غاروں کی طرف نکل جانے کا تذکرہ شاعری میں اکثر ملتا ہے تاہم اب ایسا عاشق سامنے آ گیا ہے جو گرل فرینڈ کو بھلانے کے لیے حقیقتاً بغیر کسی ضروری سامان اور موبائل کے غار میں جا کے رہنے لگا۔
چینی میڈیا پلیٹ فارم ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے یہ واقعہ چند روز پیشتر ژی جیانگ صوبے کے ضلع یوہانگ میں اس وقت منظرعام پر آیا جب چینگ شا نامی شخص نے پولیس کو کال کر کے کہا کہ ہینگ زو میں رہنے والا اس کا چھوٹا بھائی زیاؤلین چند روز سے لاپتہ ہے اور فون بھی بند ہے۔
پولیس فوراً حرکت میں آئی اور اس کے فلیٹ کا پتہ لگایا جو کہ خالی تھا اور موبائل بھی وہیں پڑا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں وہ پیدل نکل کر کہیں جاتا ہوا دکھائی دیا، جس کے بعد شہر بھر میں نگرانی کے لیے لگائے کیمروں کی فوٹیج نکالی گئی جن میں وہ رات کے وقت ڈالانگ کے پہاڑوں کی طرف جاتا دکھائی دیا۔
جس کے بعد 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تلاش کے کام پر لگایا گیا جبکہ مقامی آبادی کی مدد بھی حاصل کی گئی۔
سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کا استعمال بھی کیا جاتا رہا تاہم کچھ پتہ نہ چل سکا۔
پھر ایک روز وہ ایک ڈرون میں لگے کیمرے میں دکھائی دیا اور حکام اس تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
بعدازاں یوہانگ پولیس کے ڈپٹی ڈائریکٹر زو للیانگ نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ وہ پھٹے پرانے کپڑوں میں ملا اور اس نے چھ روز دنیا سے دور گزارے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوچھ گچھ کے دوران زو زیاؤلن نے بتایا کہ اس کا حال ہی میں بریک اپ ہوا تھا اور وہ اپنی گرل فرینڈ کو بھلانے کی کوشش کر رہا تھا اور اسی لیے پہاڑوں کی طرف نکل گیا تھا۔
رپورت کے مطابق زیاؤلن نے پہاڑوں میں چھ روز بغیر کسی سہولت کے گزارے (فوٹو: ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ)
رپورٹ کے مطابق اس نے پیدل 40 کلومیٹر کا سفر کیا اور ایک غار میں جا کر بیٹھ گیا، اس نے تین روز تک کچھ نہیں کھایا پیا اور اس کے بعد جنگلی پھلوں اور ندیوں کے پانی پر گزارا کرتا رہا۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جب ہمیں وہ ملا تو اس کے کپڑے انتہائی بری حالت میں تھے اور وہ کافی کمزور لگ رہا تھا جس کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا اور اب اس کی حالت بہتر ہے۔
جب اسے بتایا گیا کہ اس کے اقدام سے گھر والوں کو کتنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تو وعدہ کیا کہ آئندہ کوئی ایسا جذباتی قدم نہیں اٹھائے گا۔
یہ واقعہ سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین کی نظر میں فوراً ہی آ گیا اور اس پر دلچسپ تبصرے ہو رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’میں اس بات سے بہت متاثر ہوا ہوں کہ اس نے فون بھی چھوڑ دیا تھا۔‘
اسی طرح ایک اور صارف نے اس لڑکی کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’اتنا شدید مزاج رکھنے والا انسان رشتے کے لیے بہتر نہیں ہوتا۔‘
ایک اور سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ ’پتہ نہیں وہ اپنی گرل فرینڈ کو بھلانے میں کامیاب ہوا یا نہیں مگر اس نے جو کیا اس کے لیے لاکھوں صارفین اسے یاد رکھیں گے۔‘