صرف 1 ہزار کی خاطر نہر میں ڈوبنے کا واقعہ۔۔ بزرگ کو خطرناک عمل کے لئے کس نے اکسایا؟ افسوس ناک ویڈیو سامنے آگئی

image

بہاولپور کے علاقے چنی گوٹھ میں معمولی سی رقم کی شرط نے ایک بزرگ کی جان لے لی۔ 66 سالہ شخص نہر عبور کرنے کی کوشش میں ڈوب گیا، جب کہ مقابلہ کرنے والا دوسرا بزرگ راستے سے ہی پلٹ آیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ عباسیہ کینال میں پیش آیا، جہاں دو بزرگوں کے درمیان تیراکی کا مقابلہ طے پایا۔ شرط یہ تھی کہ جو شخص کامیابی سے نہر پار کرے گا، اسے ایک ہزار روپے ملیں گے۔ لیکن یہ غیر ذمہ دارانہ مقابلہ ایک انسانی جان نگل گیا۔

ڈوب کر جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش نکال لی گئی، جبکہ دوسرا فرد نہر کے درمیان سے واپس آ گیا۔ جاں بحق شخص کے بھتیجے نے الزام عائد کیا ہے کہ محلے کے کچھ افراد نے جان بوجھ کر اسے اس خطرناک کوشش پر اکسایا اور جب وہ پانی میں مدد کے لیے پکار رہا تھا، تو کوئی آگے نہ بڑھا۔ لوگ صرف تماشائی بنے رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

یہ واقعہ صرف ایک المناک حادثہ نہیں، بلکہ ہمارے معاشرتی رویوں پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ زندگی کو کھیل بنانے اور سنجیدگی سے نہ لینے کا یہ انداز اکثر قیمت لے کر جاتا ہے اور اس بار قیمت ایک بزرگ کی جان بنی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts