کسی کمپنی کا اپنے سربراہ کو چھٹی پر بھیج دینا شاید اتنی بڑی بات نہ ہو۔ مگر ایسا کسی کنسرٹ کے دوران کوئی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کیا گیا ہو، یہ آپ نے پہلے کبھی نہیں سنا ہو گا۔
جمعے کو کمپنی نے ایکس پر بتایا کہ سی ای او اینڈی بائرن کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہےکسی کمپنی کا اپنے سربراہ کو چھٹی پر بھیج دینا شاید اتنی بڑی بات نہ ہو۔ مگر ایسا کسی کنسرٹ کے دوران کوئی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کیا گیا ہو، یہ آپ نے پہلے کبھی نہیں سنا ہو گا۔
دراصل امریکہ کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے اپنے سربراہ یعنی سی ای او کو چھٹی پر بھیج دیا ہے۔ گذشتہ دنوں کولڈ پلے نامی میوزک بینڈ کے کنسرٹ کے دوران ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مبینہ طور پر ایک ہی کمپنی کے دو اعلی عہدیداران کو ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
یہ واقعہ امریکی ریاست میساچیوسٹس کے شہر فاکسبرو میں جیلٹ سٹیڈیم میں رونما ہوا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے بغل گیر ہیں۔
جب کیمرا ان کی طرف آتا ہے تو ہزاروں لوگ ان کے چہرے دیکھ لیتے ہیں۔ مرد اور خاتون جلد وہاں سے ہٹ جاتے ہیں اور کیمرے سے چھپنے لگتے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ یہ دونوں امریکی کمپنی ایسٹرونومر کے اعلیٰ عہدیداران ہیں اور ان کے بیچ افیئر کی افواہیں بینڈ لیڈر کے تبصرے کے بعد تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔
جمعے کو کمپنی نے ایکس پر بتایا کہ سی ای او اینڈی بائرن کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔
بدھ کی رات اس جوڑے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی۔ جب بینڈ 'کولڈ پلے' کے لیڈ سنگر کرس مارٹن نے اس جوڑے کو چھپتے ہوئے دیکھا تو انھوں نے ہجوم کو بتایا کہ 'شاید ان کے بیچ افیئر چل رہا ہے، یا وہ بہت شرمیلے ہیں۔'
ابتدائی طور پر یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی تھی جس پر لاکھوں ویوز آئے۔ پھر اسے کئی پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا اور اس پر مزاحیہ میمز بنائے گئے۔ جبکہ ٹی وی پروگرامز میں بھی اس واقعے کا مذاق اڑایا گیا۔
جب یہ تبصرے انٹرنیٹ پر پھیل گئے تو کمپنی نے ویڈیو کا ذکر کیے بغیر معاملے کی تحقیقات کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ 'ایسٹرونومر اپنی شروعات سے اِن اقدار اور تہذیب کے بارے میں پُرعزم ہے جنھوں نے ہمیں راستہ دکھایا۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ہمارے سربراہان اپنے برتاؤ اور احتساب کے معیارات پر پورا اتریں گے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کی ہے اور ہم جلد اضافی تفصیلات شیئر کریں گے۔'
کمپنی کے شریک بانی اور چیف پراڈکٹ افسر پیٹ ڈیجوائے کو قائم مقام سی ای او تعینات کیا گیا ہے۔
اینڈی بائرن جولائی 2023 سے کمپنی کے سی ای او تھے اور ایسی اطلاعات زیرِ گردش ہیں کہ مذکورہ ویڈیو میں وہی نظر آ رہے ہیں۔ بائرن نے خود ویڈیو میں اپنی شناخت کی تصدیق نہیں کی۔
جبکہ ویڈیو میں موجود خاتون کمپنی کی چیف پیپل افسر کرسٹین کیبوٹ ہیں۔ وہ نومبر 2024 سے ایسٹرونومر کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے بھی ویڈیو میں اپنی شناخت کی تصدیق نہیں کی۔
بی بی سی ویڈیو میں موجود افراد کی آزادنہ تصدیق نہیں کر سکا۔
ایسٹرونومر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بائرن نے تاحال ذاتی طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا اور اس حوالے سے موجود بعض اطلاعات غلط ہیں۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ ویڈیو میں کمپنی کا اور کوئی ملازم نہیں۔
بائرن سے منسوب کیے گئے بعض جعلی بیانات جمعرات کو وائرل ہوئے تھے۔