کراچی میں سانحہ قلات کے شہداء کو خراج عقیدت، بھارت و فتنۃ الہند کے خلاف نعرے

image

سانحہ قلات کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آل کراچی تاجر الائنس کے تحت اتوار کو نمائش چورنگی سے تبت سینٹر ایم اے جناح روڈ تک "شہدائے قلات ریلی" نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت اور فتنہ الہندوستان کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی میں ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان سنی تحریک سمیت مختلف جماعتوں، تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت کراچی تاجر الائنس کے سرپرستِ اعلیٰ خواجہ جمال سیٹھی نے کی۔ خواجہ جمال سیٹھی نے پاک فوج کی جانب سے بھارت کو عبرتناک شکست دینے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہوں نے سانحہ قلات کے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ریلی سے تاجر رہنما حکیم شاہ، آصف گلفام، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر ارشد وہرا، فرحان چشتی، طحہ احمد، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، پیپلز پارٹی کے رہنما اسد حنیف اور دیگر نے خطاب کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں اور سوسائٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے۔ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

ان رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو حالیہ جنگ میں بھرپور شکست دی۔ عالمی سطح پر پاکستان کی مربوط سفارت کاری سے مودی حکومت ذلت و تنہائی کا شکار ہے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی "را" پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں میں ملوث ہے۔

بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والی ان کی سہولت کار دہشت گرد تنظیم "فتنہ الہندوستان" بلوچستان میں حالات خراب کر رہی ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد معصوم اور بے گناہ شہریوں کو بلوچستان میں نشانہ بنا رہے ہیں۔ معصوم لوگوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ ایک سازش کے تحت بلوچستان کے حالات خراب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

پاک فوج اور سیکورٹی ادارے بلوچستان میں بحالیِ امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں جب بھی فوج اور سیکورٹی ادارے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو چند نام نہاد ملک دشمن سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ان دہشت گردوں کی حمایت کرتے ہیں اور دنیا کو غلط معلومات فراہم کرتے ہیں۔

ان رہنماؤں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے حالیہ دنوں میں کراچی سے بلوچستان خوشی کے پروگرام میں جانے والے قوالوں اور فنکاروں کو قلات میں نشانہ بنایا۔ معصوم قوالوں کو شہید کیا گیا۔ ہم اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے۔ ہم اس آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان رہنماؤں نے سانحہ قلات کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ قلات کے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے۔

ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts