مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 میں سے 23 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو چکی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ہونے والے انتخابات میں پارٹی نے 20 میں سے 13 نشستیں جیتیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلا کر حکومت سازی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کے وژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہنگامہ آرائی کی، جس سے ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہوا۔ انہوں نے چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کے دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔