آپریشن سِندور کے بعد ٹرمپ کا ٹیرف ’سفارتی ناکامی‘، نریندر مودی اپوزیشن کے نشانے پر

image
انڈین اپوزیشن جماعتوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 25 فیصد ٹیرف کی دھمکی کو نئی دہلی کے لیے سفارتی ناکامی قرار دیا ہے اور حکومت پر تنقید کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس خبر پر انڈین روپے کی قدر کم ہو گئی ہے اور ایکویٹی انڈیکس میں کمی ہوئی ہے۔

انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف کی شرح اس کو دوسرے بڑے تجارتی شراکت داروں سے الگ کر دے گی، اور کئی مہینوں سے جاری بات چیت ناکام ہو جائے گی۔ اس سے خطے میں واشنگٹن کے سٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک کو نقصان پہنچے گا جسے چین کے خلاف توازن کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انڈیا سے درآمدات پر ٹیرف جمعے سے شروع ہو جائے گا اور اس کے علاوہ روس کے لین دین اور برکس ممالک کی گروپ بندی میں ملوث ہونے پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔

جواب میں وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے کہا کہ وہ ٹرمپ کے ریمارکس کے مضمرات کا جائزہ لے  رہی ہے اور ایک منصفانہ تجارتی معاہدہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اہم اپوزیشن کانگریس پارٹی کے ایک قانون ساز نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں بھیجے گئے ایک نوٹس میں بحث کی درخواست کی اور کہا کہ ’یہ پیشرفت مودی حکومت کے تحت خارجہ پالیسی کے وسیع پیمانے پر خاتمے کی عکاسی کرتی ہے۔‘

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ بحث میں ’25 فیصد امریکی ٹیرف اور انڈین برآمدات پر جرمانے کے نفاذ کو روکنے میں حکومت کی اقتصادی اور سفارتی ناکامی‘ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ان کے دفتر نے بتایا کہ وزیر تجارت پیوش گوئل سے جمعرات کو ایوان زیریں کو بریفنگ دینے کی توقع تھی۔

ٹرمپ نے جمعرات کو ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے کہ انڈیا روس کے ساتھ کیا کرتا ہے، وہ اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ نیچے لے جا سکتے ہیں۔‘

ٹرمپ اور مودی کے درمیان تعلقات کی عوامی نمائش کے باوجود انڈیا نے حالیہ ہفتوں میں امریکہ کے خلاف قدرے سخت موقف اختیار کیا ہے۔

راہل گاندھی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’حکومت نے ہماری اقتصادی پالیسی کو تباہ کر دیا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

ٹرمپ نے بارہا پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا کریڈٹ لیا ہے جس کا انہوں نے 10 مئی کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا، لیکن انڈیا ان کے اس دعوے کو مسترد کرتا ہے کہ یہ ان کی مداخلت اور تجارتی دھمکیوں کا نتیجہ ہے۔

دوسری طرف بدھ کو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ  تجارتی معاہدے کا اعلان کیا۔ ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم نے ابھی پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل کی ہے۔ جس کے تحت دونوں اپنے تیل کے بڑے ذخائر کو ترقی دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘

اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’حکومت نے ہماری اقتصادی پالیسی کو تباہ کر دیا ہے، ہماری دفاعی پالیسی کو تباہ کر دیا ہے، ہماری خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا ہے۔‘

امریکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے اور اب اس کا پانچویں سب سے بڑی معیشت انڈیا کے ساتھ 45.7 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow