یورپی یونین روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کے لیے 105 بلین ڈالر کا قرضہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے رہنماں نے یوکرین کو آئندہ 2 سال کے لیے اس کی فوجی اور اقتصادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بلاسود قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سفارت کاروں نے بتایا کہ رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ روس کے خلاف یوکرین کے دفاع کی غرض سے سرمایہ کاری کے لیے روس کے منجمد اثاثوں کی بجائے کیپٹل مارکیٹس سے قرضہ لیا جائے گا۔ یورپی یونین کونسل کے صدرنے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ یوکرین کو 27۔ 2026 کے لیے 90 بلین یورو( 105 ارب ڈالر) کی امداد فراہم کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی گئی۔
انہوں نے فنڈنگ کے ذرائع کی وضاحت نہیں کی لیکن سربراہی اجلاس کے نتائج کے مسودے کے متن میں کہا گیا ہےکہ یہ سرمایہ یورپی یونین کے بجٹ کے خلاف محفوظ کیپٹل مارکیٹس سے آئے گا تاہم روس کے مرکزی بینک کے منجمد اثاثوں کے استعمال پر بات چیت بھی جاری رہے گی۔
روس سے جنگی معاوضے ملنے کے بعد ہی یوکرین مشترکہ قرضے کی بنیاد پر یورپی یونین کا قرض واپس کرے گا۔ اس وقت تک، روسی اثاثے منجمد رہیں گے جبکہ یورپی یونین نے متن کے مطابق قرض کی ادائیگی کے لیے انہیں استعمال کرنے کا حق بھی محفوظ رکھا ہے۔
کریملن نے کہا ہے کہ اگر اس کے اثاثے استعمال کرنے کا منصوبہ آگے بڑھا تو وہ قانونی کارروائی شروع کرے گا اور روس میں غیر ملکی اثاثوں کو ضبط کرلے گا۔ روس کے مرکزی بینک نے کہا کہ وہ یوکرین کی مالی اعانت کے لیے منجمد روسی اثاثوں کو استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش پر روسی عدالتوں میں یورپی بینکوں کے خلاف مقدمہ دائر کرے گا۔