ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ،آج سے موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی

image

ملک بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے 7 اگست تک اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی شب اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی بارش تو کہیں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی، مظفرآباد، میرپور، وادی نیلم، اسکردو، گلگت، دیامر سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

6 اگست کو بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور شمالی پنجاب کے نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پنجاب کے 20 سے زائد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس کی لہر برقرار رہے گی۔

سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ کراچی میں موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US