ویسے تو میڈیکل کی تاریخ میں عجیب و غریب واقعات کا رونما ہونا کوئی نئی بات نہیں لیکن اگرآپ کو یہ سننے کو ملے کہ کسی خاتون مریضہ نے تالا اور کچھ کیلیں بھی نگل لی ہیں تو شاید آپ کو ضرور حیرت میں مبتلا ہوں گے۔
چیئرپرسن سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال پروفیسر انجم رحمان کے مطابق گزشتہ روز 23 سالہ مریضہ کو اسپتال لایا گیا جس کو اندرونی بلیڈنگ کی شدید شکایات کے ساتھ خون کی قے کی بھی ہورہی تھی، اسپتال منتقلی کے بعد پہلے مریضہ کا ایکسرے کروایا گیا، جس میں واضح طور پر معدے میں تالے کی موجودگی نظرآئی۔
بعدازاں ایمرجنسی میں مریضہ کو آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا اور لیپرواسکوپی کے ذریعے خاتون کے پیٹ سے تالا نکال لیا گیا، اس دوران تین ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم موجود تھی جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سرجری کی ضرورت پڑنے کی صورت میں آپریشن تھیٹر کو تیار رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لیپرواسکوپی سرجری عام آپریشن کے مقابلے میں کم پیچیدہ اور آسان علاج ہے جس میں مریض کو تکلیف بھی کم ہوتی ہےاور ریکوری کا عمل بھی تیز ہوتا ہے۔
مریضہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ آئس کے نشے کی عادی ہے اور گزشتہ روز اس نے نشہ نہ ملنے کی صورت میں یہ انتہائی قدم اٹھایا، اس وقت مریضہ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کو مزید جانچ کے بعد بحالی مرکز میں منتقل کردیا جائے گا۔ مزید تفصیلات اس وڈیو میں جانیے