کئی دن کا باسی کھانا کھانے پر مجبور تھی۔۔ ڈرامے سے اچانک کیوں نکالا گیا؟ دیا مغل پہلی بار زندگی کی مشکلات پر بول پڑیں

image

"جب لائٹ چلی جاتی تھی تو پورے اندھیرے فلیٹ میں صرف میں اور ایک موم بتی ہوتے تھے۔ ایسے وقت میں دل گھبراتا تھا، لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔ کئی بار سوچا کہ کام ملے گا یا نہیں اور کیا میں اکیلے رہنے کے قابل ہوں، مگر میں نے اپنے قدم پیچھے نہیں ہٹائے اور آخرکار یہ مشکل وقت گزر گیا۔"

کراچی میں تنہا زندگی اور شوبز کے اتار چڑھاؤ نے اداکارہ دیا مغل کو کئی تلخ مگر سبق آموز تجربات دیے۔ لاہور میں خاندان کے ساتھ پلنے بڑھنے کے بعد، جب انہوں نے کیریئر کی خاطر اکیلے کراچی میں رہنے کا فیصلہ کیا تو یہ سفر آسان نہ تھا۔ تنہائی، نئے ماحول اور کام میں غیر متوقع رکاوٹوں نے ان کے لیے زندگی کو خاصا مشکل بنا دیا۔

انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں بتایا کہ کراچی آنے کے فوراً بعد انہیں ایک ڈرامے میں کاسٹ کیا گیا، مگر صرف دو دن بعد شوٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ بعد میں پتا چلا کہ انہیں بغیر کسی واضح وجہ کے پراجیکٹ سے نکال کر کسی اور اداکارہ کو لے لیا گیا۔ پراجیکٹ ہیڈ نے تسلیم کیا کہ ان کی اداکاری میں کوئی کمی نہیں، لیکن چونکہ وہ سیٹ پر کم بات کرتی ہیں اور دوسروں کے ساتھ گھلتی ملتیں نہیں، اس لیے انہیں ہٹا دیا گیا۔

دیا مغل کے مطابق، یہ بات انہیں گہرا دکھ دے گئی کیونکہ ان کے خیال میں اداکاری کا تعلق ہنسی مذاق سے نہیں بلکہ فن اور محنت سے ہے۔ کراچی میں اکیلے رہتے ہوئے وہ اکثر پرانا کھانا کھانے پر مجبور ہوتیں کیونکہ فوری طور پر دوسرا کوئی انتظام ممکن نہیں ہوتا تھا۔ ایسے مواقع پر، خاص طور پر بجلی بند ہونے کے وقت، موم بتی کی روشنی میں تنہائی اور خوف کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

اس سب کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور خود کو مضبوط بنایا۔ وہ مانتی ہیں کہ یہ مشکل دور انہیں نہ صرف خودمختار بلکہ زیادہ پُرعزم بنا گیا۔ آج، ”مائی ری“، ”عشق نچایا“، ”کنکر“ اور ”پہچان“ جیسے ڈراموں میں ان کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے حالات کے دباؤ کو اپنی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US