بالی ووڈ فلم ’دھُرندھر‘ میں دکھائی گئی پاکستان کی غیر حقیقی عکاسی پر پاکستانی شائقین اور نقادوں نے شدید تنقید کی ہے۔
فلم میں کراچی کو غیر حقیقی انداز میں دکھایا گیا ہے جس سے پاکستانی شائقین خاصے مایوس ہیں۔ رنبیر سنگھ نے فلم میں ایک جاسوس کا کردار ادا کیا ہے جو کراچی کے لیاری گینگز کو ختم کرتا ہے جبکہ کچھ کردار اصلی لیاری گینگ وار سے متاثر ہیں۔
فلم کا ایک اہم کردار ’رحمان ڈکیت‘ کا ہے جسے اکشے کھنّا نے ادا کیا ہے مگر عربی رنگ دینے کی کوشش نے کئی ناظرین کو حیران کر دیا ہے۔
برطانوی فلمی نقاد ہارون رشید نے بھی ’دھُرندھر‘ میں دکھائے گئے کراچی اور اصل کراچی کے درمیان واضح فرق اجاگر کیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے فلم میں دکھائی گئی سڑکوں اور حالات کو انتہائی غیر حقیقی قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا میں کراچی میں 30 سال سے رہ رہا ہوں لیکن کبھی آداب نہیں کہا۔
ایک اور صارف نے کہا کہ یہ فلم ہمارے شہر، ہماری کہانی، ہمارے پولیس افسر کو بالکل غلط انداز میں دکھا رہی ہے۔
پاکستانی ناظرین کے مطابق اس فلم نے حقیقی ثقافت اور حقیقت کو بالکل نظرانداز کیا ہے جس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ بالی ووڈ کے بعض تخلیق کار پاکستانی ثقافت کو صحیح طور پر سمجھنے سے قاصر ہیں۔