بیرون ملک روانگی کی کوشش ناکام۔۔ ڈکی بھائی لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار

image

لاہور ایئرپورٹ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن، جنہیں آن لائن دنیا میں "ڈکی بھائی" کے نام سے جانا جاتا ہے، کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق وہ بیرونِ ملک سفر کی کوشش میں تھے لیکن ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل ہونے کے باعث انہیں روک دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ڈکی بھائی پہلے ہی کئی کیسز میں تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف کارروائیاں کچھ عرصے سے جاری ہیں اور اسی تناظر میں انہیں ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔

یاد رہے کہ 2024 میں بھی ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کی۔ اس کے علاوہ اپریل میں موٹروے پولیس نے ان پر تیز رفتاری اور خطرناک ڈرائیونگ کے دوران اسٹنٹ کرنے کے دو مقدمات بھی درج کیے تھے۔

دوسری جانب حالیہ پیش رفت میں، ڈکی بھائی کو لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے کیس میں حفاظتی ضمانت مل چکی ہے۔ تاہم مختلف قانونی معاملات اب بھی ان کے لیے ایک سنگین چیلنج بنے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US