"بشریٰ انصاری میری فیورٹ ہیں، مجھے وہ اچھی لگتی ہیں لیکن یہ سب جھوٹ ہے۔ اب انہیں آرام کرنا چاہیے۔ وہ ایسی عمر میں ہیں کہ ہر وقت ویڈیوز بنا کر یہ بتانا کہ 'میں باہر جارہی ہوں، بیگ پیک کر رہی ہوں' اچھی بات نہیں۔ اب بس کریں! آپ ہماری ماؤں سے بھی بڑی ہو چکی ہیں۔ اسماء عباس بہت اچھی شخصیت ہیں، وہ میرا احترام کرتی ہیں اور مجھے پروٹوکول دیتی ہیں، لیکن یہ باتیں میں ان کے منہ پر نہیں کہہ سکتی۔ آخر آپ لوگ اتنے اوور کیوں ہیں؟ ایسا کیا ہے جو آپ کو رکنے نہیں دیتا؟ ہر ڈریس کے ساتھ جوتے میچ کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ اتنا زیادہ میک اپ جو بالکل بھی سوٹ نہیں کرتا، آخر کیوں؟ اور وہ چہرے ویسے بھی اتنے خوبصورت نہیں ہیں۔"
اداکارہ و کامیڈین روبی انعم، جو تقریباً تین دہائیوں سے اسٹیج اور ٹی وی کی دنیا میں اپنی رنگین شخصیت اور ورسٹائل اداکاری سے مشہور ہیں، ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ اس بار انہوں نے سینئر فنکارہ بشریٰ انصاری پر تنقیدی نشتر چلائے ہیں۔
روبی انعم حال ہی میں صبیح سمیر کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے بشریٰ انصاری کی بیرونِ ملک سفری ویڈیوز اور بار بار و لاگز بنانے پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ انصاری کی عمر ایسی نہیں رہی کہ وہ بار بار سامان پیک کرنے اور بیرونِ ملک روانگی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ انصاری اور اسماء عباس جیسے سینئر فنکاروں کو عزت و پروٹوکول ضرور ملتا ہے لیکن "اوور" انداز اپنانے کی ضرورت نہیں۔ روبی انعم نے میک اپ اور فیشن کے انتخاب پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ غیر ضروری انداز اور مصنوعی خوبصورتی دیکھ کر سمجھ نہیں آتی کہ ایسا کیوں کیا جاتا ہے۔
روبی انعم کے ان بیانات نے شوبز انڈسٹری میں ہلچل مچا دی ہے۔ مداحوں میں یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا یہ روبی انعم کا بے باک انداز ہے یا پھر سینئر آرٹسٹ کے لیے بے ادبی۔
یہ تنازعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب روبی انعم خود دل کی بیماری کے باعث ٹی وی پر کم دکھائی دیتی ہیں، تاہم ان کے بے ساختہ جملے اور صاف گوئی اب بھی انہیں خبروں کا مرکز بنائے رکھتے ہیں۔