لاہور میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی پولیس نےحراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق شیر شاہ کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ والد کے ساتھ عدالت سے واپس آ رہے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو 9 مئی کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ شاہ ریز کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر شاہ ریز کے وکیل سلمان اکرم راجا نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کو 27 ماہ بعد سیاسی بنیادوں پر مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے حالانکہ وہ اس دوران ملک سے باہر کھیلوں کے مقابلوں میں شریک تھے۔ وکیل نے کہا کہ شاہ ریز ایک نامور ایتھلیٹ ہیں اور اس مقدمے سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔