ڈی پی او کرم کی قیادت میں سکیورٹی فورسز نے لوئر کرم مہورہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرتے ہوئے 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، ناخوشگوار واقعے کے مرکزی ملزم کا گھر بھی مسمار کردیا گیا۔
ضلع کرم میں گزشتہ روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کرم پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔
ڈی پی او کرم ملک حبیب خان کی سربراہی میں کرم پولیس کی بھاری نفری نے پاک فوج، کرم ملیشیا اور لیڈی پولیس کے ہمراہ لوئر کرم کے گاؤں مہورہ میں مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران گاؤں مہورہ میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا اور درجنوں گھروں کی تلاشی لی۔
کرم پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کو مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے انجمن حسینیہ اور علاقائی عمائدین کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے سینکڑوں سکیورٹی اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اہلکار جدید ہتھیاروں، ڈرون کیمروں اور اے پی سی گاڑیوں سے لیس تھے جبکہ گاؤں کی فضائی نگرانی کے لیے گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا گیا۔
پولیس اور فورسز نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھر کی مکمل تلاشی لی، تاہم ملزم کی عدم موجودگی پر ان کے خلاف قانونی کارروائی مزید سخت کردی گئی۔
پولیس اور فورسز نے حالیہ چند ماہ قبل ہونے والے کوہاٹ امن معاہدے کے تحت مرکزی ملزم کے گھر کو مسمار کرکے بارودی مواد سے اڑا دیا جبکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن اور مختلف کارروائیوں کے دوران 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او کرم ملک حبیب خان نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور امن کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا اور کوہاٹ معاہدے کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کرم میں امن قائم رکھنے کے لیے علاقائی مشران اور سکیورٹی فورسز ایک پیج پر ہیں اور بہت جلد گزشتہ روز کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔