اسلام آباد : کرپشن اور جعلسازی میں ملوث افسر سمیت 6 ملزمان گرفتار

image

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے کرپشن، بدعنوانی اور دھوکا دہی میں ملوث ایک سرکاری افسر سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد منیر، عابد علی، محمد عمران، عماد احمد، سعد احمد اور اشتیاق احمد شامل ہیں۔ گرفتارملزم محمد منیر بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف جی ای ایچ ایف میں تعینات تھا جبکہ دیگر ملزمان کرپشن اور جعلسازی سے حاصل ہونے والی رقوم کے بینیفشری تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جعلسازی اور دھوکے کے ذریعے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان موضع تھلہ سیداں جی-14 کے سب سیکٹرز میں سبلیمنٹری ایوارڈ آف بلٹ اپ پراپرٹیز کے معاملات میں ملوث تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے اصل مالکان کو دیے جانے والے بی یو پیز کے ساتھ پانچ بی یو پیز پر غیر قانونی طور پر پرائیویٹ افراد کو شریک مالک ظاہر کیا۔ بعد ازاں ان افراد نے جعلی کوائف کی بنیاد پر رقوم وصول کیں اور یہ تمام کام سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت سے ہوا ۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US