ڈیڑھ کروڑ کا مطالبہ کس نے کیا؟ سامعہ حجاب کیس میں نئے انکشافات سامنے آگئے

image

اسلام آباد پولیس کے سامنے ایک تنازع کھڑا ہو گیا، ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کیس میں تفتیشی افسر کے کردار پر سنگین سوالات سامن آ گئے۔ ذرائع کے مطابق تھانے میں تعینات پولیس افسر نے دو ریکارڈ یافتہ کرمنلز کو غیر قانونی طور پر بھرتی کر رکھا تھا جو نہ صرف تھانے میں رہائش پذیر تھے بلکہ اہم چھاپوں میں بھی شریک ہوتے تھے۔

سامعہ حجاب کیس کے مرکزی ملزم حسن زاہد کے فلیٹ پر چھاپہ بھی انہی کرمنلز کے ہمراہ مارا گیا اور اس دوران 12 گرام اعلیٰ معیار کی کوکین، دو درجن غیر ملکی شراب کی بوتلیں اور قیمتی پرفیومز بھی برآمد کیے گئے جن کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے بنتی ہے لیکن یہ سامان ریکارڈ پر نہ لایا گیا اور اس سامان کے غائب ہو جانے پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حسن زاہد اور سامعہ حجاب کے درمیان تنازع کی اصل وجہ مالی معاملات تھے سامعہ حجاب نے حسن زاہد سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا، اور انکار پر اس کے خلاف دو مقدمات درج کرائے۔ اس دوران حسن زاہد کے پاس وہ موبائل فون بھی موجود تھا جس میں سامعہ حجاب کو دیے گئے قیمتی تحائف اور رقوم کی تفصیلات موجود تھیں۔

مزید برآں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک بااثر شخصیت فریقین میں صلح کرانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہے۔

سامعہ حجاب کیس میں یہ نئے انکشافات نہ صرف پولیس کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ تفتیشی عمل کی شفافیت پر بھی گہرے خدشات پیدا کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US