کراچی میں گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلسازی میں ملوث ملزم بہزاد کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی پاکستانی کرنسی، امریکی ڈالرز، پی آئی اے اور اے این ایف کے جعلی جوائننگ آرڈرز، چیکس، پلاٹ کے جعلی کاغذات، ڈالرز بنانے کے کالے کاغذ، کیمیکل اور دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سادہ لوح شہریوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر لوٹتا تھا اور جعلی جوائننگ آرڈرز فراہم کرتا تھا۔ ملزم نے کرنسی نوٹوں کے درست سائز بنانے کے لیے متعدد ڈائیاں بھی تیار کر رکھی تھیں۔
پولیس کے مطابق یہ گروہ گزشتہ چار سال سے جعلسازی میں ملوث تھا جبکہ گرفتار ملزم کے ساتھی میڈیکل ریپ اور کال سینٹر کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کے بیگ سے جعلی کرنسی نوٹوں کے سائز کے سفید کاغذ بھی برآمد ہوئے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او گارڈن اور پولیس پارٹی کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔