تیز بارش بڑا چیلنج ہے، اقدامات مکمل ہیں شہری گھبرائیں نہیں، میئر کراچی

image

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہر میں تیز بارش کی صورت میں پانی کے بہاؤ اور نکاسی سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہوگا اور اس صورتحال کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سمندر میں پانی کی سطح بلند ہے اس لیے کریک کا پانی نہرِ خیام میں داخل ہورہا ہے اور تیز بارش کی صورت میں پانی کے بہاؤ سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مسئلہ اختیارات یا وسائل کا نہیں بلکہ نیت اور کام کرنے کے جذبے کا تھا۔ نالوں کی صفائی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ گجر، محمود آباد اور اورنگی نالوں سمیت دیگر چھوٹے نالوں پر مشینری اب بھی موجود ہے اس کے علاوہ انڈر پاسز میں بھی پمپس نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں عملہ اور مشینری تعینات ہے۔

میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران گھبرا کر دفاتر اور گھروں سے ایک ساتھ باہر نہ نکلیں کیونکہ اس طرح ٹریفک جام اور ریلیف کے کاموں میں رکاوٹ ہو جاتی ہے۔ بارش کے بعد پانی کلیئر کرنے کے لیے دو سے ڈھائی گھنٹےلگتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 43 بڑے نالوں پر صفائی کا کام مکمل ہوچکا ہے اور 14 انڈر پاسز میں پمپ نصب ہیں جبکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی 120 گاڑیاں نکاسی کے عمل میں حصہ لیں گی۔ اہم پوائنٹس پر بھی ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ 19 اگست کی بارش میں بھی شہریوں کے ایک ساتھ دفاتر سے نکلنے کے باعث شاہراہیں بند ہو گئیں تھیں شہریوں سے تعاون کی درخواست کی جارہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US