شہباز شریف کی گوتریس سے ملاقات: کشمیر اور غزہ کی صورتحال پر گفتگو

image

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر، پاکستان میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور غزہ کی موجودہ صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کو دنیا کو درپیش بڑے چیلنجز کے حل میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کی عالمی امن و استحکام کے لیے قائدانہ کاوشوں کو سراہا اور ترقی پذیر ممالک کی آواز بلند کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اضافی مالی وسائل کی فراہمی اور مربوط عالمی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اہم علاقائی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے جموں و کشمیر تنازع اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر مسئلے کا منصفانہ اور پُرامن حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا معاملہ بھی اٹھایا اور زور دیا کہ عالمی برادری اس سنگین مسئلے پر توجہ دے۔

غزہ کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سیاسی عمل کے آغاز پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور رکن سلامتی کونسل خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤقف اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور ترقی کے فروغ میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی مسائل کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US