مدینہ منورہ: مدینہ منورہ اور اس کے گرد و نواح میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد شہرِ رسول ﷺ کا موسم نہایت خوشگوار ہوگیا اور سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اچانک چھا جانے والی کالی گھٹاؤں کے بعد بارش نے علاقوں کو بھگو دیا، جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں بارانِ رحمت برسنے سے روح پرور اور ایمان افروز مناظر دیکھنے میں آئے۔ گنبدِ خضریٰ پر گرنے والے بارش کے قطرے زائرین کے دلوں کو چھو گئے جنہوں نے شکرانے کے سجدے ادا کیے اور اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لایا۔
بارش کے دوران مسجد نبوی ﷺ کا عملہ فوری حرکت میں آیا اور زائرین کی سہولت کے لیے پانی کے نکاس سمیت تمام ضروری انتظامات کیے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد درجہ حرارت میں واضح کمی ہوئی ہے، اس لیے مدینہ منورہ آنے والے زائرین گرم کپڑے، جیکٹس اور دیگر ضروری سامان سفر کے ہمراہ رکھیں۔
روح پرور مناظر نے مدینہ منورہ کے فضاؤں میں ایک خاص نور بکھیر دیا جبکہ شہرِ مقدس آج رحمت الٰہی سے نہایا دکھائی دیا۔