اسلام آباد میں ایمرجنسی سروسز کے لیے ڈرون کے استعمال کا فیصلہ

image

وفاقی دارالحکومت میں ایمرجنسی سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کی۔

اجلاس میں ایمرجنسی نظام کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔ حکام کے مطابق ڈرونز کے استعمال سے حادثات، آگ یا قدرتی آفات کی صورت میں فوری رسپانس ممکن ہوگا اور ریسکیو آپریشنز زیادہ تیز اور مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکیں گے۔ ڈرونز کے ذریعے حادثے کی جگہ کا فضائی معائنہ فوری طور پر ممکن ہوگا جبکہ ریسکیو ٹیموں کو بروقت اور درست معلومات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو اسمارٹ اور محفوظ شہر بنانے کے لیے ایمرجنسی سروسز میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ڈرونز کے استعمال کا ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے جس میں ریسکیو، فائر فائٹنگ اور پولیس کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مشترکہ کاوشوں سے شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

مزید برآں ایمرجنسی رسپانس نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے دیگر پہلو بھی شامل کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US