سکیورٹی فورسز کے درشہ خیل آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک بنگلادیشی نکلا

image

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک متعدد دہشت گردوں میں سے ایک بنگلادیشی شہری نکلا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں مُلا نذیر گروپ کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر 26 اور 27 ستمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں پاک فوج، اسپیشل سروسز گروپ اور سی ٹی ڈی نے حصہ لیا۔ سکیورٹی فورسز کے اس آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 17 خوارج مارے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق درشہ خیل آپریشن میں فتنہ الخوارج ملا نذیر گروپ کے 7 سے 10 خارجی زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک کیے گئے فتنہ الخوارج کے دہشتگرد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق درشہ خیل آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت بنگلا دیشی شہری کے طور پر ہوئی ہے جس کے قبضے سے بنگلا دیش کا شناختی کارڈ، کرنسی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی کارروائیوں میں 2 سے 3 بنگالی شہری مارے جا چکے ہیں۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق یہ افراد مبینہ طور پر افغانستان گئے تھے، جہاں شدت پسند گروہوں نے انہیں اپنے نیٹ ورک میں شامل کرلیا تھا۔ تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی انٹیلی جنس معلومات پر بنگلا دیشی حکام نے بھی 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US