اسلام آباد میں راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح 1752 فٹ تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد آج دوپہر ڈیڑھ بجے اسپل ویز کھولے جائیں گے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسپل ویز کھولنے کے عمل کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر نیلور کریں گے جبکہ واپڈا، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ رہیں گے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔ مزید برآں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔