وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی جو ڈھائی گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی اور 27 ستمبر کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران پارٹی امور، جلسے کی تیاریوں اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور جیل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے موقع پر علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان کو بھی اجازت ملنے پر جیل کے گیٹ نمبر 5 سے اندر جانے دیا گیا۔
ادھر اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بھی جاری ہے جس میں وکیل صفائی پیش ہوئے تاہم وزیراعلیٰ اور بانی پی ٹی آئی کی طویل ملاقات کے باعث سماعت میں تاخیر ہوئی۔