محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا ترقیاتی فنڈز استعمال کرنے میں ناکام

image

محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا مالی سال 26-2025 کے ترقیاتی فنڈز استعمال کرنے میں ناکام رہا ہے۔ دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت نے محکمہ بلدیات کے مختلف منصوبوں کے لیے 5.884 ارب روپے مختص کیے تھے تاہم پہلی سہ ماہی میں صرف 113 ملین روپے خرچ کیے جا سکے۔

محکمہ خزانہ کی رپورٹ کے مطابق مختص شدہ فنڈز میں سے 804 ملین روپے محکمہ بلدیات کو جاری کر دیے گئے لیکن اس میں بھی خاطر خواہ اخراجات نہیں کیے جا سکے۔

دستاویزات کے مطابق جن منصوبوں پر اخراجات ہوئے ان میں ملاکنڈ ڈویژن کے پہاڑی مقامات کی ترقی کے لیے مختص 6.4 ملین روپے میں سے 3.4 ملین روپے خرچ ہوئے،کلا بٹ ہری پور روڈ منصوبے پر 20 ملین روپے،خیبر پختونخوا ضلعی ترقیاتی اقدامات پر 59.99 ملین روپے اخراجات آئے۔

علاوہ ازیں ٹی ایم اے کے لیے لینڈ فل سائٹس پر 2.4 ملین روپے خرچ ہوئے،تحصیل لیول پر پارکس کے لیے 28 ملین روپے خرچ ہوئے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق محکمہ بلدیات کے کئی منصوبوں پر تاحال فنڈز استعمال نہیں ہو سکے جس کے باعث سالانہ ترقیاتی پروگرام کے متعدد منصوبے التواء کا شکار ہیں۔

محکمہ بلدیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم ہی نہیں کیے گئے جبکہ کئی منصوبے ایسے ہیں جن کے لیے فنڈز ریلیز ہونے کے باوجود ترقیاتی کام شروع نہ ہو سکا جس کی وجہ سے ان کی لاگت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US