اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں متنازع ٹوئٹ کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فردِ جرم عائد کرتے ہوئے کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران دونوں ملزمان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے۔ عدالت نے عدم موجودگی پر استفسار کیا تو معاون وکیل نے وضاحت کی کہ وہ مختصر طور پر پیش ہونے کے بعد راولپنڈی کی ایک اور پیشی پر روانہ ہوگئے ہیں۔
عدالت نے سوال اٹھایا کہ ملزمان کس کی اجازت سے عدالت سے روانہ ہوئے؟ جس کے بعد جج نے فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔ معاون وکیل نے فردِ جرم کی نقل فراہم کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے ہدایت دی کہ اس کے لیے باضابطہ درخواست دائر کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا۔