پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے برطانیہ کے لیے اپنے فضائی آپریشن کی بحالی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کا برطانوی آپریشن 25 اکتوبر سے شروع ہوگا، جس کے تحت پروازیں ہفتے اور منگل کے روز آپریٹ کی جائیں گی۔
شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے پرواز دوپہر 12 بجے روانہ ہو کر شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی جبکہ واپسی کی پرواز شام 7 بجے مانچسٹر سے روانہ ہو کر اگلی صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر مانچسٹر کے لیے سروس شروع کی جا رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں لندن اور برمنگھم کے لیے پروازیں بھی بحال کی جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ پروازوں کی بکنگ کھول دی گئی ہے اور مسافروں کے لیے انتہائی موزوں کرایے متعارف کرائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ہمارے ہم وطن 15 گھنٹے کی بجائے صرف 8 گھنٹوں میں اپنی منزل پر پہنچ سکیں گے۔