سندھ اور پنجاب حکومتوں میں کشیدگی، صدر متحرک، وزیر داخلہ کو کراچی طلب کرلیا

image

سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری متحرک ہوگئے۔ صدر زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں فوری طور پر کراچی طلب کرلیا۔

ذرائع ایوان صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیلی فون کر کے سندھ اور پنجاب کے درمیان چلنے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر زرداری نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ معاملے کو افہام و تفہیم اور سیاسی مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان تناؤ کم کیا جاسکے۔

گزشتہ چند روز سے پنجاب اور سندھ حکومتوں کے درمیان شدید لفظی گولہ باری جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر پیپلز پارٹی نے سخت ردعمل دیا تھا اور قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم مریم نواز نے واضح کیا کہ میں پنجاب کے عوام کی نمائندہ ہوں کسی سے معافی نہیں مانگوں گی۔

ادھر سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو ترقیاتی کارکردگی پر مباحثے کا چیلنج دیا جسے عظمیٰ بخاری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ آپ سندھ کی 17 سالہ حکومت کے 17 منصوبے بتا دیں۔

اس تنازع کے پس منظر میں 25 ستمبر کو بلاول بھٹو زرداری نے متاثرین سیلاب کی بحالی کے معاملے پر وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مدد کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ بھیک مانگنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے عوام کی خدمت کے لیے کسی کی اجازت درکار نہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اب دونوں صوبائی حکومتوں کے درمیان بڑھتی خلیج کو ختم کرنے کے لیے سیاسی ثالثی کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی جلد کراچی پہنچ کر صدر مملکت سے تفصیلی ملاقات کریں گے جس میں پنجاب،سندھ تنازع کے خاتمے، بیانات کے اثرات، اور آئندہ حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US