اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کے خلاف درج مقدمات اور زیرِ تفتیش کیسز کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹر نے تمام زونز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ان افسران کے خلاف زیرِ التواء تحقیقات، انکوائری رپورٹس اور درج مقدمات کی تازہ ترین تفصیلات فوری طور پر بھجوائی جائیں۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق گوجرانوالہ زون میں مجموعی طور پر 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 7 مقدمات باقاعدہ طور پر درج کیے جا چکے ہیں۔ باقی کیسز تفتیش کے مختلف مراحل میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کا مقصد سرکاری افسران کے خلاف بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کے معاملات کی شفاف جانچ پڑتال کرنا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جاسکے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تمام کیسز کی رپورٹ مرتب کر کے آئندہ ہفتے وزارتِ داخلہ کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔