انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 11 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت کی۔ مقدمے میں علیمہ خان سمیت 10 ملزمان نامزد ہیں۔
سماعت کے دوران علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جبکہ دیگر 6 ملزمان عدالت میں موجود تھے جن پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت میں مزید کارروائی کا فیصلہ کیا۔
علیمہ خان کی غیرحاضری پر ان کے وکلا فیصل ملک اور حسنین سنبل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان کے وکلا نے ابھی تک وکالت نامہ جمع نہیں کرایا لہٰذا وہ اس کیس میں استثنیٰ کی درخواست دینے کے مجاز نہیں۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے علیمہ خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کرکے 11 اکتوبر 2025 کو عدالت میں پیش کیا جائے۔