عمر ایوب کی نااہلی کے بعد بڑا انتخابی معرکہ، ہری پور میں ضمنی الیکشن 23 نومبر کو

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ نشست سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق ضمنی انتخاب کی پولنگ 23 نومبر 2025 کو منعقد ہوگی۔امیدوار 15 سے 17 اکتوبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے جن کی اسکروٹنی 22 اکتوبر تک مکمل کر لی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات پر فیصلے 22 اکتوبر تک نمٹائے جائیں گے جبکہ اپیلوں کی سماعت اور فیصلے 3 نومبر کو کیے جائیں گے۔

نظرثانی شدہ امیدواروں کی فہرست 4 نومبر کو جاری کی جائے گی اور کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 5 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ انتخابی نشان 6 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ ضلع ہری پور کے ریٹرننگ افسر کو انتخابی عمل کی نگرانی کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں تاکہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابی عمل ممکن بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US