امریکی کمپنی سے 500 ملین ڈالر کا معاہدہ، اے این پی کا تفصیلات پیش کرنے کا مطالبہ

image

عوامی نیشنل پارٹی کے رکنِ صوبائی اسمبلی ارباب عثمان خان نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا ہے، جس میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکی کمپنی کے ساتھ 500 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے کی تمام تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں۔

ارباب عثمان خان کے مطابق یہ معاہدہ محکمہ معدنیات کے حوالے سے طے پایا ہے جس میں صوبے کے قیمتی معدنی وسائل خصوصاً کاپر اور دیگر معدنیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ جاننا حق ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل کس بنیاد پر اور کن شرائط کے تحت کسی غیر ملکی کمپنی کے سپرد کیے جا رہے ہیں۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ ایسے بڑے مالیاتی معاہدوں کو خفیہ رکھنے سے شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ اگر یہ معاہدہ صوبے کے مفاد میں ہے تو حکومت کو اس کی تمام تفصیلات ایوان میں پیش کر کے شفافیت یقینی بنانی چاہیے تاکہ عوام اور ایوان دونوں باخبر رہیں۔

ارباب عثمان خان نے مزید کہا کہ اگر معاہدہ صوبائی قوانین، ماحولیاتی اصولوں یا مقامی روزگار کے حقوق کے خلاف پایا گیا تو عوامی نیشنل پارٹی اس پر سخت مؤقف اختیار کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US