ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں پاک فوج نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 7 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 30 سالہ میجر سبطین حیدر نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائی فتنہ الخوارج کے بھارتی اسپانسرڈ نیٹ ورک کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز کی مؤثر فائرنگ سے 7 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر سبطین حیدر کا تعلق ضلع کوئٹہ سے تھا جو آپریشن کے دوران فرنٹ لائن سے قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔ ترجمان نے کہا کہ شہید افسر اور جوانوں کی قربانیاں مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں باقی دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں سکیورٹی فورسز نے اسی گروہ کے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوان شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فوج ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔