برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے معترف

image

کراچی : برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی، اس دوران صوبے کی توانائی پالیسی، جاری منصوبوں اور بین الاقوامی شراکت داریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ توانائی کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے، تھر کول، سولر، ونڈ ہائبرڈ اور گھروں کی سولرائزیشن منصوبے جاری ہیں، عالمی بینک کے تعاون سے نئے سولر اور ونڈ ہائبرڈ منصوبے جلد شروع ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان توانائی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ہے، شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، مقامی وسائل کے مؤثر استعمال پر توجہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو توانائی کے لحاظ سے خود کفیل بنانا حکومت سندھ کا ہدف ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ جاری ہے، 21 لاکھ مکانات سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔

ملاقات میں برطانوی ہائی کمیشن کی سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر ہُدیٰ اکرام بھی موجود تھیں، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو سندھی لنگی کے تحائف پیش کیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US