کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مستقبل ہم سے روایتی سوچ کو تبدیل کرنے کا تقاضا کرتی ہے، ہمیں ڈیجیٹل تبدیلی کو اپنانا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ نے مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (MAP) کی 25 ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ میں یہاں موجود تمام معزز مہمانانِ گرامی، کاروباری حضرات اور انتظامی ماہرین کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، آج اس پُر مسرت تقریب کا حصہ بننا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ترقی کی جو منازل طے کی ہیں، وہ قابل تحسین ہیں، میں اس شاندار کامیابی پر مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (میپ) کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان میں پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ میں میپ گزشتہ چھ دہائیوں سے مصروف عمل ہے،
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب اور سندھ کے ماتھے کا جھومر ہے، کراچی اس تقریب کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے، آج ملک کی بہترین ذہانت یہاں موجود ہیں، میں یہاں موجود اعلیٰ بصیرت یافتہ اور تخلیق کاروں کی خدمات کو سراہتا ہوں جو صوبے کی ترقی کا پہیہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب اور پائیدار ترقی کے لیے انسانی سرمائے کو بہتر انداز میں استعمال میں لانا ہوگا، سسٹم کی کارکردگی میں مزید بہتر ی اور تیزی لانی ہوگی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم میں وسعت لارہے ہیں تاکہ ٹرانسپورٹ نیٹ کو بڑھایا جاسکے، کراچی کے پانی کی ضرورت کو پورا کرنے جارہے ہیں، کے۔فور واٹر سپلائی اسکیم کو بروقت تکمیل تک پہنچائیں گے، کے فور کے ثمرات عوام تک ضرور پہنچیں گے۔
شہروں کو اسمارٹ، صاف ستھرا اور ضرورتِ زندگی سے آراستہ شہر بنانے کے منصوبوں پر کاربند ہیں، صوبے کی بہتری اور پائیداری کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کو مل کر کام کرنا چاہیے، ذہانت اور مہارت کی بنیاد پر معاشی بہتری سندھ حکومت کا وژن ہے۔ آج کی تقریب میں موجود معزز قائدین پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے مشعل راہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مستقبل ہم سے روایتی سوچ کو تبدیل کرنے کا تقاضا کرتی ہے، ہمیں ڈیجیٹل تبدیلی کو اپنانا ہوگا، پائیدار طریقوں کی جانب بڑھنا ہوگا اور سماجی ذمہ داری کا عہد نبھانا ہوگا، سندھ کی معاشی ترقی کے لیے ہمیں ہم قدم ہوکر چلنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں آپ کو خلوصِ نیت کے ساتھ کام کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔