اسلام آباد : وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ٹی چوک فلائی اوور منصوبے پر تعمیراتی کام میں نمایاں تیزی آگئی ہے۔ منصوبے کا 100 فیصد پائلنگ ورک مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ گرڈرز کاسٹنگ کا 84 فیصد اور حفاظتی دیواروں کا 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جمعرات کو ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی رفتار اور معیار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ترقیاتی کاموں پر پیش رفت پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کو دیدہ زیب بنانے کے لیے لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔
محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی کہ فلائی اوور کے اطراف خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس مستقل بنیادوں پر نصب کی جائیں تاکہ مسافروں کو رات کے وقت بھی محفوظ اور روشن ماحول میسر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کام مکمل ہونے والے مقامات پر صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ مکمل ہونے کے بعد جڑواں شہروں سمیت لاہور اور پنجاب سے آنے والے مسافروں کے لیے سگنل فری سفری سہولت فراہم کرے گا، جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کنسلٹنٹس اور ریذیڈنٹ انجینئرز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے پر 24 گھنٹے تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ متعلقہ افسران، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس اور پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق، منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو ٹریفک مسائل سے نجات ملے گی بلکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آمد و رفت بھی مزید سہل ہوجائے گی۔