سابق رکنِ سینیٹ مشتاق احمد خان نے جماعتِ اسلامی سے اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے یہ بات نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران واضح کی۔ پروگرام کے میزبان نے جب ان سے ان کی سیاسی حیثیت کے بارے میں سوال کیا تو مشتاق احمد خان نے پہلی بار براہِ راست تصدیق کی کہ وہ جماعت اسلامی سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
مشتاق احمد خان کے مطابق انہوں نے 19 ستمبر کو گلوبل صمود فلوٹیلا کے سفر کے دوران باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ جمع کرایا تھا، تاہم تاحال پارٹی کی جانب سے اس پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی تنظیموں کے اپنے دائرے اور پابندیاں ہوتی ہیں، جبکہ بعض مواقع پر انسان کو آزادانہ طور پر کام کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، اسی وجہ سے انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔