پاکستان کی فٹبال ٹیم نے آٹھ مسلسل شکستوں کے بعد آج افغانستان کے خلاف میچ ڈرا کرلیا۔
اسلام آباد کے جناح کمپلیکس میں کھیلے گئے ایشین کپ کے کوالیفائر میچ میں دونوں ٹیمیں گول نہیں کر پائی۔ پاکستان کو سیکنڈ ہاف میں گول کرنے کا نادر موقع ملا لیکن اٹس خان نے پینلٹی ضائع کردی۔ میچ کو 8 ہزار تماشائیوں نے دیکھا اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کا بہت شوق ہے۔
پاکستان اور افغانستان کا میچ اسی صورت ممکن ہوا جب پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی درخواست پر وزارت داخلہ نے کچھ افغان ٹیم پلیئرز اور آفیشلز کے ویزے اِن ارائیول اُن کو دیے۔ یہ وہ کھلاڑی اور آفیشلز ہیں جو افغانستان میں نہیں رہتے بلکہ دوسرے ممالک سے فلائٹس پکڑ کر اسلام پہنچے۔ جو افغان کھلاڑی اور آفیشلز افغانستان میں رہتے ہیں ان کو پاکستان قونصلیٹ نے کابل میں ویزے ایشو کیے تھے۔
ڈرا کا نتیجہ بھی پاکستان ٹیم کے لیے ایک اچھا نتیجہ ہے کیونکہ اس سے پہلے وہ 8 میچز میں مسلسل شکست کھا کر آئے تھے۔ اب دونوں ممالک کے درمیان ایشین کپ کوالیفائر کا ریٹرن میچ 14 اکتوبر کو کویت میں کھیلا جائے گا۔