پاکستان وائٹ بال ٹیم کے بھولے بسرے فاسٹ بالر احسان اللہ نے سوشل میڈیا پر سب کو حیران کر دیا جب انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بھارت کے اوپنر ابھیشک شرما کو صرف تین گیندوں میں آؤٹ کرسکتے ہیں۔
احسان اللہ کا یہ دعویٰ سن کر کرکٹ فینز اس لیے حیران ہوگئے کیونکہ اس وقت وہ کسی بھی ٹیم سے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ بھی نہیں کھیل رہے۔سوات سے تعلق رکھنے والے احسان اللہ نے دو سال قبل پاکستان سے وائٹ بال کے چند میچز کھیلے تھے لیکن اس کے بعد کہنی کی انجری کی وجہ سے وہ کافی عرصے تک کرکٹ سے باہر ہیں۔
ان کی پاکستان ٹیم میں سلیکشن اس وقت ہوئی تھی جب انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی تیز بالنگ سے دھوم مچا دی تھی لیکن اِس وقت وہ کسی پی ایس ایل ٹیم کے ساتھ بھی منسلک نہیں، ایسے میں ان کا یہ دعویٰ کرنا کہ میں ابھیشک شرما کو تین گیندوں میں آؤٹ کرسکتا ہوں سوشل میڈیا پر ایک مذاق بن کے رہ گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے احسان اللہ کی ٹریٹمنٹ کے لیے خطیر رقم خرچ کی تھی لیکن اس کا ان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔