درہ کوژک ٹنل کا تفریحی پارک سیاحوں کے لیے پُرکشش مقام بن گیا

image

چمن: اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی خصوصی ہدایت پردرہ کوژک ٹنل کے پہاڑوں میں ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی ذاتی کوششوں سے تفریحی پارک قائم کردیا گیا۔

چمن میں پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی ذاتی کوششوں سے تاریخی درہ کوژک کے پہاڑوں میں قائم کیا گیا تفریحی پارک نہ صرف مقامی شہریوں کے لیے تفریح کا نیا مرکز بن گیا ہے بلکہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی پُرکشش مقام کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔

ڈی سی چمن کے مطابق، پارک کی تعمیر کا مقصد عوام کو صحت مند اور پُرامن تفریحی ماحول فراہم کرنا ہے۔ یہاں بیٹھنے کی خوبصورت جگہیں، قدرتی مناظر کے لیے ویو پوائنٹس، بچوں کی تفریح کے لیے جھولے اور صاف ستھرا ماحول مہیا کیا گیا ہے۔

عوامی حلقوں اور سماجی رہنماؤں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر چمن کی یہ کاوش علاقے میں ترقی، سیاحت اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی سمت اہم قدم ہے، اہلِ چمن نے حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے مزید منصوبے علاقے کے دیگر حصوں میں بھی شروع کیے جائیں تاکہ عوام کو معیاری تفریحی سہولیات میسر آسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US