خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو خواجہ سرا جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ سرائے نورنگ سبزی منڈی کے قریب واقع ایک مارکیٹ میں پیش آیا۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش یا دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے تاہم پولیس نے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر لکی مروت حمیداللہ خان نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مقتول خواجہ سرا ذاکر کی میت مردان میں آبائی گاؤں پہنچانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے فرانزک تجزیہ کے لیے بھجوائے جا رہے ہیں۔