اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف موثر کارروائیاں کیں جن کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔ کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تین مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 209.83 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی، جس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 95 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پشاور رنگ روڈ پر یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 230 گرام وزنی 350 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ طلباء کو یہ منشیات فراہم کرتا تھا۔
علاوہ ازیں حضرو ٹول پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کو روک کر تلاشی لینے پر 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔نوکنڈی، ڈسٹرکٹ چاغی میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 200 کلوگرام افیون قبضے میں لی گئی۔
اے این ایف نے بتایا کہ تمام کارروائیوں کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔