الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ انتخابات پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت منعقد کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہر یونین کونسل میں ایک چیئرپرسن، وائس چیئرپرسن، پانچ جنرل کونسلرز اور چار مخصوص نشستیں شامل ہوں گی، جن میں ایک کسان نمائندہ، ایک یوتھ ممبر اور دو خواتین کونسلرز ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق حلقہ بندیوں کے مکمل ہونے کے بعد اگلا مرحلہ انتخابی شیڈول کے اجرا کا ہے جو صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی الیکشن کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ بلدیاتی حلقوں کی حدبندی، ووٹر لسٹوں کی نظرثانی اور پولنگ اسٹیشنز کی تیاری کے امور فوری طور پر مکمل کریں تاکہ انتخابات کا انعقاد بروقت ممکن ہو سکے۔
ماہرین کے مطابق پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت متعارف کرایا گیا نیا نظام نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی اور عوامی نمائندگی کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔