غزہ امن معاہدے پر عمل درآمد کا آغاز، قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ

image

غزہ امن معاہدے کے تحت آج 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلاح پہنچ گئی ہیں جہاں قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر حماس نے 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا جنہیں بعد ازاں اسرائیلی حکام کے سپرد کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل اپنی جیلوں سے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا جنہیں جنوبی غزہ کے النصر اسپتال لایا جائے گا۔ وہاں قیدیوں کے استقبال کے لیے عوام کی بڑی تعداد جمع ہے۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست جاری کی ہے جب کہ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی مکمل ہونے کے ساتھ ہی فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کردیا جائے گا۔

ادھر مصر کے شہر شرم الشیخ میں آج غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوگی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمیت کئی عالمی رہنما شریک ہوں گے۔

یہ معاہدہ دو سال سے جاری جنگ کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US